خبرنامہ سندھ

فاروق ستار کو سپتال سے ڈسچارج کردیا گیا

کراچی (آئی این پی)ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ فاروق ستارکا کہنا ہے کہ اللہ نے خوفناک حادثے سے بچا کر سب سے بڑی عیدی دی ہے۔ دعاؤں اور نیک تمناؤں پر سیاسی اور عسکری قیادت سمیت عوام کا بے حد شکار گزار ہوں۔سربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار کا اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پرویز مشرف، ڈی جی رینجرز، کورکمانڈر سمیت تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں اور عوام کا عیادت و دعائے صحت کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جبکہ اسپتال انتظامیہ کا بہتر نگہداشت پر بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ خوفناک حادثے کے بعد جان بچ جانے اس عید پر سب سے بڑی عیدی ہے، جبکہ ٹریفک حادثہ کسی سازش کا نتیجہ نہیں اسے حادثہ ہی رہنے دیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صحتیابی کے بعد تنظیمی سرگرمیاں فی الفور شروع کریں گے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستارگیارہ ستمبر کی رات حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے ٹریفک حادثہ کا شکار ہوئے تھے جس میں ان کے کوآرڈینیٹر سمیت پیچھے بیٹھے گارڈ بھی شدید زخمی ہوگئے تھے۔