فلسطین سے اظہار یکجہتی: جماعت اسلامی کا کراچی میں ملین مارچ
کراچی(ملت آن لائن)فلسطین سے اظہار یکجہتی اور بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی میں ‘ملین مارچ’ کیا جارہا ہے۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی قیادت میں ملین مارچ کے شرکا نیپا چورنگی سے حسن اسکوائر تک مارچ کریں گے جب کہ اس ریلی کو ‘القدس ملین مارچ’ کا نام دیا گیا ہے۔
حسن اسکوائر پہنچنے پر ملین مارچ کے اختتام پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کارکنان سے خطاب بھی کریں گے۔
جماعت اسلامی کی جانب سے ریلی کے مقامات پر فلسطین اور پارٹی پرچم کے علاوہ مختلف بینرز آویزاں کئے گئے ہیں جن پر فلسطین سے اظہار یکجہتی اور امریکا کے خلاف نعرے درج ہیں۔
لاہور سے کراچی آنے سے قبل امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا دعویٰ تھا کہ ‘القدس مارچ’ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہوگا۔
جماعت اسلامی کے ملین مارچ میں کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے جب کہ نیپا چورنگی اور حسن اسکوائر جانے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو متبادل راستہ اختیار کرنے کا کہا گیا ہے، شہری صفورا چورنگی سے صدر کے لئے موسمیات سے منور چورنگی، جوہر چورنگی کا راستہ استعمال کریں۔
سہراب گوٹھ سے راشد منہاس روڈ گلشن اور نیپا پل کے اوپر سے جوہر موڑ کا راستہ اختیار کریں، لیاقت آباد 10 نمبر سے شارع فیصل جانے والے تین ہٹی، جیل چورنگی برج کا راستہ استعمال کریں۔
ایئرپورٹ جانے والے عائشہ منزل، سہراب گوٹھ، راشد منہاس روڈ، گلشن اور نیپا کے پل سے جائیں اور کار ساز سے لیاقت آباد اور ناظم آباد کے لئے نیشنل اسٹیڈیم سے بائیں جانب براستہ اسٹیڈیم روڈ جائیں۔