خبرنامہ سندھ

فنکشن پاکستان والوں کا، گانا لندن والے کا

کراچی: (ملت+اے پی پی) نشتر پارک میں ایم کیو ایم پاکستان اپنے پہلے جلسے کا انعقاد کرے گی۔ میلے سے ایک روز قبل بھی نشتر پارک میں میلے کا سماں رہا۔ بچوں کی تو گویا عید ہو گئی۔ بچوں کی دلچسپی کے لئے کھلونوں اور سٹیشنری کے سٹالز سجائے گئے تھے۔ جھولوں پر بھی بچوں کا خوب رش رہا۔ خواتین اور بچوں نے فیس پینٹنگ بھی کروائی جبکہ کھانے پینے کے سٹالز پر بھی گہما گہمی رہی۔ میلے میں کتابوں کا سٹال بھی خاص طور پر نوجوانوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ دریں اثناء، فنکشن تو پاکستان والوں کا ہے لیکن گانا لندن والے کا گایا جا رہا ہے جس کے بعد ایک بار پھر یہ سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ کیا واقعی بانی کی کہانی ختم ہو گئی ہے؟ متحدہ کی نیٹ پریکٹس میں نئے سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ ایم کیو ایم آج نشتر پارک میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ فاروق ستار کہتے ہیں کہ زیادہ بولنے والوں کی بولتی بند ہو جائے گی۔