لندن:(اے پی پی)متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ندیم نصرت نے ایم کیو ایم کے قائد کی صحت کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں سراسر جھوٹ ، من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ لندن سے جاری بیان میں ندیم نصرت نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد بالکل ٹھیک ہیں اور وہ پہلے کی طرح بدستور اپنے روزمرہ کے نجی اور تنظیمی فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں، وہ معمول کے مطابق رابطہ کمیٹی، زونز ،تنظیمی شعبہ جات اورذمہ داروں سے رابطے میں ہیں۔ ان کی علالت کی افواہیں ایک منظم سازش کے تحت پھیلائی جارہی ہیں جس کا مقصد تحریک کے کارکنوں اور عوام کی صفوں میں مایوسی اور انتشار پیدا کرنا ہے۔ ان افواہوں کو وہی عناصر پھیلا رہے ہیں جو ایم کیو ایم کو ختم کرنے ، اسے کمزور کرنے اور اس میں گروپ بنانے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں۔ ندیم نصرت نے کارکنان سے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پرکان نہ دھریں ، اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور اس بات پر یقین رکھیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ماضی کی طرح تحریک کے خلاف کی جانے والی حالیہ سازشیں بھی ناکامی سے دوچارہوں گی اور سازشیں کرنے والے ایک بار پھر ناکام ہوں گے۔