خبرنامہ سندھ

قائد کی جائے پیدائش کو انتظامیہ نے نظر انداز کر دیا

کراچی: (ملت+اے پی پی) سندھ کے وڈے سائیں مراد علی شاہ اور کراچی کے سلطان وسیم اختر کے دوروں کے بعد انتظامیہ حرکت میں آ گئی اور شہر کی اہم شاہراہوں سے تو بارش کے پانی کی نکاسی ہو گئی مگر قائد کی جائے پیدائش وزیر مینشن کو سب نے نظر انداز کر دیا۔ وزیر مینشن کے سامنے پانی تالاب بن چکا ہے جو اب بتدریج کیچڑ بنتا جا رہا ہے۔ سڑک سے ہر گزرنے والے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیر مینشن کے سامنے جمع ہونے والا پانی اگر جلد صاف نہ کیا گیا تو علاقے میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے مگر انتظامیہ ہے کہ اس طرف کا رک ہی نہیں کر رہی۔ گجر نالے کی صفائی نہ ہونے کے باعث بھی اردگرد آباد لوگ شدید مسائل کا شکار ہیں اور علاقے کی حالت زار دیکھ کر یوں لگتا ہے کہ یہ ملک کا سب سے بڑا نہیں بلکہ سب سے پسماندہ علاقہ ہے۔