کراچی (آئی این پی) قومی احتساب بیورو نیب نے سابق وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف تفتیش مکمل کرلی‘ پانچ الزامات پر مشتمل ریفرنس منظوری کے لئے چیئرمین نیب کو بھجوا دیا گیا۔ پیر کو نیب ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف تفتیش مکمل کرلی گئی ہے ان کے خلاف ریفرنس منظوری کے لئے چیئرمین نیب کو بھجوا دیا گیا ہے۔ ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم حسین پر پانچ الزامات لگائے گئے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم نے پالیسی کے برعکس لوڈشیڈنگ کے نام پر کارخانوں کو گیس کی سپلائی کم کی ‘ کم پیداوار کے باعث مزید کھاد درآمد کرنے سے حکومت کو 450ارب کی سبسڈی دینی پڑی۔ ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم پر کک بیکس‘ منی لانڈنگ‘ ڈاکٹر ضیاء الدین ٹرسٹ کا ناجائز استعمال اور سرکاری زمینوں پر قبضے کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔ ریفرنس چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں فائل کردیا جائے گا۔ (ن غ)