خبرنامہ سندھ

قیمت کا تنازع: سی این جی اسٹیشنز آج سےغیرمعینہ مدت تک بند

کراچی:(آئی این پی) سی این جی اسٹیشنز مالکان نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوگرا کے احکام پر عمل درآمد سے انکار کردیا ہے۔ اوگرا نے سندھ میں سی این جی کلو گرام کے بجائے لیٹر کی قیمت پر فروخت کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے لیٹر کے پیمانے سے سی این جی فروخت کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا تھا جس پر سی این جی اسٹیشنز مالکان نے روایتی ہٹ دھرمی کا حربہ اختیار کرتے ہوئے جمعرات سے غیرمعینہ مدت کے لیے سی این جی اسٹیشنز بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ صارفین کے مطابق سندھ میں کلو گرام کے بجائے لیٹر کے حساب سے سی این جی کی فروخت سے صارفین کو فی لیٹر 16 سے 17روپے زائد قیمت ادا کرنا پڑرہی ہے۔ صارفین کے مطابق 67روپے کلو قیمت پر 9 کلو گرام گیس 600 روپے میں ٹنکی فل ہوتی تھی جو اب 42 روپے لیٹر قیمت کے حساب سے 700 سے 750 روپے میں فل ہورہی ہے۔ اس فارمولے کے لحاظ سے صارفین سراسر خسارے کا شکار ہیں۔ اس بارے میں رابطہ کرنے پر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے بتایا کہ بدھ کے روز اوگرا کے ساتھ ہونے والے ٹیلیفونک مذاکرات میں کوئی نتیجہ حاصل نہ ہوسکا جس پر سی این جی اسٹیشنز مالکان نے جمعرات کے روز کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشن مالکان کا ہنگامی اجلاس جمعرات کو کراچی میں طلب کرلیا گیاہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔