کراچی:(اے پی پی)سندھ ہائیکورٹ میں 70سے زائد لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت پر عدالت نے ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7مارچ کو پولیس سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔سندھ ہائیکورٹ میں 70 سے زائد لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ، عدالت نے لاپتا شہریوں کی گمشدگی پر ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے جبکہ ایک لاپتا شہری شاہ زیب علی کی عدم بازیابی پر تفتیشی افسر عبادت علی پر جرمانہ بھی عائد کیا۔عدالت نے ریمارکس میں کہاکہ جس تھانے کی حدود میں شہری لاپتہ ہورہے ہیں اس تھانے میں گمشدگی کا مقدمہ درج کیا جائے۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ معاملے پر 7 مارچ تک پیشرفت رپورٹ جمع کرائی جائے،لاپتہ شہریوں سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عرفان سعادت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔دوسری سماعت میں سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد کے قتل کیس کے ملزم منہاج قاضی کی گمشدگی سے متعلق سرکاری وکیل نے بیان دیا کہ ملزم 90 روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں ہے۔عدالت نے منہاج قاضی کی والدہ کو ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔واضح رہے کہ ملزم نائن زیرو پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کے الزام میں بھی مفرور تھا۔