خبرنامہ سندھ

لشکرِ جھنگوی کے 11 دہشت گرد عدم ثبوت کی بنا پربری

لشکرِ جھنگوی کے 11 دہشت گرد عدم ثبوت کی بنا پربری
کراچی:(ملت آن لائن) انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے لشکرِ جھنگوی کے 11 دہشت گردوں کو عدم ثبوت کی بنا پربری کردیا‘ پولیس نے ملزمان کومقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں آج کراچی میں ہونے والی سماعت کے دوران سی ٹی ڈی کی جانب سے پیش کردہ شواہد ناکافی ہونے کی بنا ء پر لشکرِ جھنگوی سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو 12 مقدمات سے بری کردیا۔ سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق مذکورہ ملزمان کو جنوری 2016 میں کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں کی جانے والی چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا‘ ملزمان نے پولیس کارروائی کے دوران مزاحمت کی تھی جس کے سبب پولیس اور ملزمان کے درمیان باقاعدہ مقابلہ ہوا تھا۔ پولیس کی جانب سے عدالت میں بتایا گیا کہ گرفتاری کے وقت دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد دریافت ہوا تھا‘ ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا تھا کہ وہ شہرِ قائد میں بم دھماکے کرنا چاہتے تھے۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے شواہد کی عدم فراہمی کی بنا ء پر قاری محسن‘ قاری اکرم‘ محسن خان اور ریاض انور سمیت 11 ملزمان کے ریلیز آرڈر جاری کرتے ہوئے انہیں بری کرنے کے احکامات صادر کردیے۔