خبرنامہ سندھ

لندن ميں درباريوں كے ٹولے نے ايم كيوايم كا بيڑا غرق کیا، عامر

کراچی:(ملت+اے پی پی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر عامر خان کا کہنا ہے کہ لندن کے درباریوں نے شہدا کے نام پر پیسہ کھایا اور پارٹی کا بیڑا غرق کردیا۔ ايم كيوايم پاكستان كے زيراہتمام نشتر پارک ميں “متحدہ يكجہتی جلسہ ” كے عنوان سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ سوشل ميڈيا كے چيمپئن واسع جليل کارکنان كو كہہ رہے ہيں كہ ہم غدار ہيں اس لئے ہمارے خلاف مظاہرے اور دھرنے دیئے جائیں، لندن میں بیٹھے لوگوں نے کارکنان کا حق چھینا ہے جو اب انہیں ہدایات دے رہے ہیں کہ ہمارے خلاف سرگرمیاں کریں لیکن میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کارکنان قربانیاں اور اذیتیں کیوں جھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ لندن والوں کو ذرا سا خطرہ محسوس ہوتا ہے تو وہ رات و رات فرار ہوجاتے ہیں جب کہ بابرغوری امریکا میں کیوں بیٹھے ہیں اور انہیں کس سے خوف ہے، انہوں نے ناظم آباد کے پارکوں پر چائنہ کٹنگ کر کے شادی ہالز بنا دیئے ہیں۔ عامر خان نے اسٹیبلشمنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ہم سے غلطياں ہوئيں لیکن اب آگے بڑھنا چاہتے ہیں، اسی طرح آپ نے ہمارے ساتھ زيادتياں كیں لیکن ہم آگے بڑھنا چاہتے ہيں، نفرتوں، زيادتيوں اور غلطيوں كو بھلا كر پاكستان ميں اچھے مستقبل كے لئے جدوجہد كی جانی چاہیئے، ہم سب كچھ بھولنے كے لئے تیار ہیں ليكن آپ كو بھی اپنی سوچ تبديل كرنا ہوگی ۔ انہوں نے كہا كہ لندن سے غداری كے سرٹیفکٹ ديئے جارہے ہيں اس سے نكلا جائے ، ايم پی ايز كے گھر پر20،20 موٹرسائيكليں بھيج كر غدار كی چاكنگ كرنے سے كچھ نہيں ہوگا، اس سے قوم كا مذاق اڑ رہا ہے يہ ہمارا كلچر نہيں ہے اگر اس طرح كے عمل كا ہم جواب دينا شروع كریں تو آپ كہاں جائيں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر نے کہا کہ ہميں فخر ہے كہ ہم اپنی قوم اور ملک كے غدارنہيں، جس پاكستان كو ہمارے آباؤاجداد نے قربانياں دے كر بنايا تھا اور ہم اس پاكستان ميں سب كچھ لٹا كر آئے تھے، لوٹنے كے لئے نہيں آئے، جب جب پاكستان پر برا وقت پڑا مہاجروں نے سب سے آگے بڑھ كر قربانياں ديں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹيبلشمنٹ اپنی پاليسيوں پر نظر ثانی كرے، پارٹی کے 130 كاركنان اب بھی لاپتہ ہيں، ان كے گھر والے اذیت میں مبتلا ہیں۔