خبرنامہ سندھ

لوگوں کی خدمت اور بھلائی کی باتیں کرتے رہیں گے:مصطفیٰ کمال

کراچی:(اے پی پی )پاک سرزمین چوبیس اپریل کا جلسہ کامیاب بنانے شہریوں کو گھر گھر دعوت دے رہی ہے، مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ لوگوں کی خدمت اور بھلائی کی باتیں کرتے رہیں گے، شہر کے لوگ بلا تفریق چوبیس اپریل کو باغ جناح پہنچیں۔کراچی میں چوبیس اپریل اتوار کے روز پاک سرزمین پارٹی اپنا پہلا سیاسی جلسہ کرے گی، اسی سلسلے میں مصطفیٰ کمال انیس قائمخانی اور وسیم آفتاب کے ہمراہ لیاری میں پہنچے،جہاں سماجی رہنما انور بھائی کی برسی کے موقع پر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔شہریوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو متحد کرنا چاہتے ہیں،شہری بلا تفریق باغ جناح پہنچ کر جلسے کو کامیاب بنائیں۔پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی جاوید ناگوری نے بھی مصطفیٰ کمال کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی خوشحالی کی بات کرنے والوں کا ساتھ دیں گے۔دوسری جانب پاک سرزمین کے قافلے میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما عمران ترین ایڈووکیٹ بھی ساتھیوں سمیت شامل ہوگئے۔