خبرنامہ سندھ

لیاری میں 25 گینگسٹرز پرمشتمل نیا گروپ منظر پرآ گیا

کراچی:(اے پی پی)لیاری گینگ وار کا نیا گروپ منظر پر آگیا،نئے گروپ میں ابتدائی طور پر لیاری کے رہائشی 25 کارندوں نے شامل ہو کر ایک دوسرے سے وفاداری نبھانے کا حلف اٹھا لیا، گروپ کا پہلا کارندہ پیر کو عثمان بروہی روڈ پر فائرنگ میں ہلاک کر دیا گیا،نئے کارندوں نے بلدیہ،پاک کالونی ، پرانا گولیمار ، مومن آباد ، ملیر ، شرافی گوٹھ اوردیگر علاقوں میں رہائش پزیر ان کے جرائم پیشہ دوستوں سے رابطے کر کے گروپ میں شمولیت کی دعوت دینا شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق گینگ میں ابتدائی طور پر3گروپوں شیراز کامریڈ، غفار زکری اورعبد الجبار عرف جینگو گروپ کے شامل ہونے والے ابتدائی لڑکوں میں غفار زکری کابھائی شیراز زکری،سکندر عرف سیکو، احمد عرف حاجی،شاہ نوازعرف گولڈن ، سلیم ، جمیل عرف لمبا ، صدام ، شاہ نواز عرف لاشاری ، ندیم رزاق ، شبیر عرف ڈو ڈی ، نبیل ،نوشاد عرف شر ،مجید عرف مہارانی، گلابو،عمران عرف جیکی،قاسم عرف قاری،چاچو،عبید اﷲ،اکرم لاسی ، یاسر، یاسی عرف گورا ، قاسم عرف ویلڈر ، شعیب ، سہیل ، حسین عرف چینل اور راحیل شامل ہیں۔ کلری تھانے کی حدود عثمان بروہی روڈ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کے قریب عذیر گروپ کے کارندوں نے نئے گروپ میں حلف اٹھانے والے کارندے شعیب کوفائرنگ کر کے قتل کر دیا۔گینگ وار کے نئے گروپ نے اپنے لیڈر شیراز زکری کے حکم پرشعیب کے قاتلوں کی تلاش شروع کردی۔ذرائع نے بتایاکہ گینگ وار کے نئے گروپ نے سیاسی سرپرستی حاصل کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنا شروع کر دیے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے گروپ نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی سے رابطہ نہیں کیا جائیگاکیونکہ پیپلز پارٹی سے لیاری کے مکین دلبرداشتہ ہو چکے ہیں لہٰذا کسی نئی سیاسی جماعت کی سرپرستی حاصل کر کے ان کے جلسوں میں لیاری کے مکینوں کی شمولیت کی یقین دہانی کرائی جائے گی جبکہ لیاری میں آئندہ انتخابات میں سیٹ دلانے کی یقین دہانی کرائی جائے گی۔