کراچی:(اے پی پی)کراچی کے علاقے لیاری میں گذشتہ رات دستی بم حملے میں زخمی 6 سال کی بچی دم توڑ گئی ۔ بھتا نہ دینے پر میڈیکل اسٹو رکو نشانہ بنایا گیا تھا۔ حساس ادارے نے ڈیفنس خیابان بخاری میں اپارٹمنٹ میں چھاپامارا۔ ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمدکرلیا گیا۔گرفتار ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیاہے۔ دوسری طرف گزشتہ روز لیاری میں دستی بم حملے میں زخمی ہونے والی 6سالہ بچی خدیجہ دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئی۔پولیس کے مطابق لیاری میں میراں ناکہ کے قریب میڈیکل اسٹور پر ملزمان نےدستی بم پھینکاتھا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل گزشتہ رات کراچی کے سرجانی ٹاؤن میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے رات گئے مغوی کے موجود ہونے کی اطلاع پرکارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ملزمان نے فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں چار ملزمان مارے گئے۔ پولیس نے مغوی کو بازیاب کراکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ فائرنگ سے زخمی ایک ملزم اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ مچھر کالونی میں دستی بم حملوں میں ملوث دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے چھاپا مارا ۔ اس دوران فائرنگ سے لیاری گینگ وار کے تین مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بھتا خوری اور اغوا کی وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔ دوسری جانب شہیدملت روڈ پر پولیس نے کارروائی کرکے مختلف وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔