خبرنامہ سندھ

متحدہ رہنماؤں کیخلاف پھر وال چاکنگ

کراچی (ملت + آئی این پی) کراچی میں ایک بار پھر ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان پارلیمنٹ کے خلاف وال چاکنگ شروع ہو گئی، نامعلوم افراد نے استعفوں کا مطالبہ کر دیا۔ شہر قائد میں نامعلوم افراد نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں خواجہ اظہار اور شیخ صلاح الدین کے خلاف دیواروں پر نعرے درج کر دیئے۔ یو پی موڑ کے علاقے میں ہونے والی وال چاکنگ میں دونوں رہنماؤں سے اسمبلی رکنیت سے استعفوں کا مطالبہ کیا گیا ۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم پاکستان کے بعض رہنماؤں کے خلاف ایسی ہی وال چاکنگ کی جا چکی ہے۔