خبرنامہ سندھ

متحدہ رہنماؤں کی بھوک ہڑتال آج چوتھے روز بھی جاری

کراچی:(اے پی پی) متحدہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگرحکومت نے مطالبات پرکان نہ دھرے تو اسمبلیوں اورسینٹ سے استعفوں پرغورکرسکتے ہیں۔ متحدہ رہنماؤں اور کارکنوں کی بھوک ہڑتال آج چوتھے روز بھی جاری ہے،کئی کی حالت غیرہونے کے باوجود کارکنان کی بڑی تعداد بھوک ہڑتالی کیمپ میں شریک ہے۔ متحدہ رہنما خوش بخت شجاعت نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ، کہا کہ ‘وزیراعلیٰ کسی میئر کا کردار ادا کرتے ہوئے کچرے کے ڈھیروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں ، انہیں انسانوں کا یہ ڈھیر دکھائی نہیں دے رہا’ ۔ خوش بخت شجاعت کا کہنا تھا کہ اگر جائز مطالبات کو منظوری کی سند نا ملی تو متحدہ اسمبلیوں اور سینیٹ سے استعفوں پر غور کر سکتی ہے ۔ متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار کارکنان کو فوری عدالتوں کے روبرو پیش کیا جائے ، لاپتہ کارکنان کی بازیابی ممکن بنائی جائے اور متحدہ کی آزادانہ سیاسی اور سماجی سرگرمیوں کی رکاوٹیں دور کی جائیں ۔