کراچی:(اے پی پی) ایم کیو ایم رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی ہے- خواجہ اظہار الحسن کے خلاف قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کی شر انگیز تقاریر کی تائید کرنے سمیت 21 مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو نے کی۔ طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے خواجہ اظہار الحسن کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔ گزشتہ روز عدالت نے 21 مقدمات میں خواجہ اظہار الحسن کی عبوری ضمانت 20 ہزار روپے فی مقدمہ کے عوض منظور کرتے ہوئے انھیں آج صبح 8 بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر اور رؤف صدیقی کے خلاف مقدمات کی سماعت تفتیشی افسر کے پیش نہ ہونے کے باعث ملتوی کردی گئی لہذا دونوں رہنماؤں پر اب 26 مارچ کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔