خبرنامہ سندھ

متحدہ قومی موومنٹ کا ہائی کورٹ سے رجوع

کراچی(آئی این پی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 میں کامیاب امید وارکا نوٹیفکیشن رکوانے کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا‘ متحدہ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 51 پولنگ اسٹیشنز پر منظم دھاندلی کی گئی‘ پیپلز پارٹی کے امیدوارکی جیت کوالیکشن ٹریبونل میں چیلنج کرنا چاہتے ہیں‘عدالت الیکشن کمیشن کے فیصلے تک کامیابی کے نوٹیفکیشن کوروکے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 میں پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار غلام مرتضیٰ بلوچ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن رکوانے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ پی ایس 127 کے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدواروسیم احمد نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولنگ کے دوران حلقے کے 51 پولنگ اسٹیشنزپرمنظم دھاندلی کی گئی، وہ پیپلزپارٹی کے امیدوارغلام مرتضیٰ بلوچ کی جیت کوالیکشن ٹریبونل میں چیلنج کرنا چاہتے ہیں، اس لیے الیکشن کمیشن کے فیصلے تک غلام مرتضی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کوروکا جائے۔واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں پی ایس 127 سے ایم کیوایم کے امیدوارکامیاب ہوئے تھے تاہم ان کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد اس حلقے میں دوبارہ انتخاب ہوئے اورپیپلز پارٹی کے غلام مرتضی بلوچ کامیاب قرارپائے۔۔۔۔(رانا)