کراچی:(اے پی پی)ایم کیو ایم نے متحدہ کے قائد کی تقاریرکی نشر و اشاعت پر پابندی کے خلاف علامتی بھوک ہڑتال کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل پر غور شروع کر دیا ہے۔ متحدہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت میں اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ اگر اس معاملے کو حل نہیں کیا جاتا تو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے ساتھ مختلف شاہراوں پر احتجاجی دھرنے اور اسلام آباد میں طویل المدت دھرنا دیا جائے گا اور پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کی جا سکتی ہے۔ انتہائی صورت میں پارلیمنٹ سے دوبارہ مستعفی ہونے کا آپشن بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم کوئی بھی حکمت عملی رابطہ کمیٹی سیاسی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے اختیارکرے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی قیادت اس بات پر غورکر رہی ہے کہ عوامی مینڈٹ حاصل ہونے کے باوجود ہماری شنوائی نہیں ہو رہی ۔