خبرنامہ سندھ

متحدہ کےرکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی اورپونجومل کےاستعفےمنظور

کراچی:(آئی این پی) متحدہ قومی موومنٹ کے دو مزید ارکان سندھ اسمبلی کے استعفے منظور کرلئے گئے ۔ اشفاق منگی پاک سر زمین پارٹی اور پونجو مل بھیل پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں ۔ سندھ اسمبلی میں اس وقت 9 نشستیں مختلف وجوہات کی بنا پر خالی ہیں ۔ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے متحدہ قومی موومنٹ کے دو ارکان اسمبلی اشفاق منگی اور پونجو مل بھیل کے سندھ اسمبلی سے رکنیت کے استعفی منظور کرلئے ، اشفاق منگی نے پاک سر زمین پارٹی جبکہ پونجو مل بھیل نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد استعفی دیئے تھے ۔ سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ارکان کی تعداد اکیاون تھی ۔ متحدہ قومی موومنٹ کے 4 ارکان اسمبلی مستعفی ہوچکے ہیں ۔ ڈاکٹر صغیر احمد ، افتخار عالم ، اشفاق منگی اور پونجو مل بھیل کے استعفے منظور ہو چکے ہیں ۔ ایم کیو ایم کے 2 ارکان بلقیس مختار اور دلاور خان بھی مستعفی ہونے کا اعلان کر چکے ہیں ۔ بلقیس مختار اور دلاور خان پاک سر زمین میں شامل ہو چکے ہیں ۔ مسلم لیگ نون کے رکن عرفان اللہ مروت کو نا اہل قرار دینے کے بعد نشست خالی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے ستار راجپر بھی نااہل ہوچکے ہیں جبکہ مقیم کھوسو کے انتقال پر بھی نشست خالی ہوچکی ہے ۔ سیکرٹری سندھ اسمبلی کا کہنا ہے متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان بلقیس فاطمہ اور دلاور خان کے استعفے تاحال موصول نہیں ہوئے ۔ جن ارکان کے استعفی منظور کئے گئے ہیں ان کی خالی نشستوں پر انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا گیا ہے ۔