خبرنامہ سندھ

متحدہ کے رکنِ صوبائی اسمبلی شیرازوحید، آصف حسنین گرفتار

کراچی:(آئی این پی) متحدہ قومی موومنٹ کے رکنِ صوبائی اسمبلی شیراز وحید کو اشتعال انگیز تقریر میں معاونت کے الزام میں گرفتار کرلیا، دوسری جانب آصف حسنین کو بھی رینجرز نے گرفتار کرلیا ہے۔ مذکورہ ایم پی اے متحدہ کے قائد کی منافرت پر مبنی تقریر کی سی ڈیز تقسیم کررہا تھا۔ ایس ایس پی ملیر راؤا نوار کے مطابق شیراز وحید کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جائے گی۔ شیراز وحید کراچی کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 123 کورنگی سے منتخب ہوئے تھے، اس سے قبل وہ کورنگی سیکٹر کے ممبر تھے اور انہیں سپر ہائی وے پولیس نے حراست میں لیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایم کیو ایم کے دفاتر پر چھاپے مار رہے ہیں اور مختلف کارکنان اور رہنماؤں کو نفرت آمیز تقریر سننے ‘ معاونت کرنے اور اے آروائی نیوز کے دفتر پر حملہ اورہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کررہے ہیں دو روز قبل ہی رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ مار کراسے سیل کردیا تھا جبکہ ایم کیو ایم پاکستان لندن سیکرٹیریٹ سے علیحدگی کا اعلان بھی کرچکی ہےرینجرز نے کراچی ایئرپورٹ پر کاروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ہی ایک اوررکن قومی اسمبلی آصف حسنین کو بھی ملک سے باہر جاتے ہوئے حراست میں لے لیا ہے آصف حسنین کے بارے میں تحقیقات کی جائیں گی کہ وہ کسی قسم کے مقدمات میں تو ملوث نہیں ہیں‘ تحقیقات مرتب کرکے آصف حسنین کی رہائی یا عدالت میں پیشی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔آصف حسنین سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں لانڈھی کے ٹاوٗن ناظم بھی رہ چکے ہیں۔