کراچی:(اے پی پی) پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم کی مزید پتنگیں کٹ گئی۔ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما محمد رضا اور وحیدالزماں سمیت اے پی ایم ایس او یوتھ ونگ کے عہدیدار مصطفیٰ کمال کے قافلے میں شامل ہو گئے۔ مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں باقاعدہ اعلان کیا۔ پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ نے قافلے میں شامل ہونیوالوں کو خوش آمدید کہا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کل متحدہ قائد نے ورکرز کی میٹنگز کے دوران فون باہر رکھوا لیے تھے لیکن ان کی میٹنگز کی ساری اطلاعات ہمیں آ رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کوئی شخص گھر سے دہشت گرد بن کر نہیں آیا تھا۔ کارکنوں کو’’ را‘‘ کا ایجنٹ اور ٹارگٹ کلر بنایا گیا۔ ایم کیو ایم میں 20 ہزار لوگ مارے گئے ان میں سے 10 ہزار ندیم نصرت نے مروائے۔ کارکنوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کیا جاتا ہے ایم کیو ایم کے کارکن ان کی باتوں میں نہ آئیں۔ ندیم نصرت متحدہ قائد کیساتھ ملکر ٹیمیں بنواتے ہیں اور جس ٹیم کا کام ہو جاتا ہے اسے مروا دیا جاتا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا قائد ایم کیو ایم آئیں لیڈ کریں ہم بھی حصہ بن جائیں گے۔ محمد رضا نے پریس کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے کہا جو باتیں مصطفیٰ کمال نے کہیں ہیں سب سچ ہے۔ لندن میں جو کچھ دیکھا خاموشی اختیار کی لیکن ہمیں بنیادی مسائل حل کرانے کا جھانسہ دیا گیا تھا جبکہ سماجی اور معاشرتی مسائل سے بھی دور ہو گئے۔ انہوں نے کہا مجھے لندن سے پاکستان میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا آج 16 سال بعد کراچی واپس آیا ہوں۔ وحید الزمان نے بات کرتے ہوئے کہا باہمی مشورے کے بعد پاک سر زمین پارٹی جوائن کرنے کا فیصلہ کیا۔