کراچی:(اے پی پی)محکمہ خوراک کے گردشی قرضے ایک سو بیس ارب روپے تک پہنچ گئے، حکومت کے پاس گندم کی تیار فصل خریدنے کے لیے پیسے موجود نہیں۔ پاور سکیٹر کے گردشی قرضے پہلے ہی حکومت کے لئے درد سر بنے ہوئے ہیں، اور اب محکمہ خوراک کے گردشی قرضوں نے حکومت کو مزید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے گندم کی خریداری کے لیے سبسڈی کی مد میں پاسکو کو ستر ارب روپے اور پنجاب کو پچاس ارب روپے دئیے ہیں، جبکہ حکومت سندھ بھی تیار گندم کی خریداری کے لیے ہر ماہ سود کی مد میں بینکوں کو پچاس کروڑ روپے ادا کرتی ہے۔ حکومت کے پاس گذشتہ سال گندم کا تیس لاکھ ٹن ذخیرہ موجود ہے، عالمی منڈی میں گندم کی قیمتیں کم ہونے کے باعث اضافی ذخیرہ تاحال برآمد نہیں کیا جاسکا، جبکہ نئی فصل بھی کٹائی کے لیے تیار ہے۔