خبرنامہ سندھ

مراد علی شاہ کی لیڈر شپ میں صوبہ ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے گا

کراچی (ملت + آئی این پی) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کو گورنرہاؤس میں الوداعی ملاقات کی،ملاقات میں گورنر سندھ نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے لئے نیک تمنا ؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی لیڈر شپ میں صوبہ ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے گا اور ایک بھرپور وژن کے ساتھ عوام کی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے صوبہ مزید ترقی کرے گا،انہوں نے کہا کہ بھرپور تعاون کرنے پر میں وزیر اعلی سندھ کا شکر گذارہوں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انھیں گورنر سندھ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ،وقت تھوڑا تھا، لیکن گورنر سندھ نے بھرپور رہنمائی کی، گورنر سندھ نے صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے نمایاں خدمات انجام دیں۔ملاقات میں گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے عزم ظاہر کیا کہ امن و امان کو پائیدار بنانے کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔دریں اثنا کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈمی کمو ڈور اکبر ایس نقی، چیف سیکریٹر ی سندھ صدیق میمن ، انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی مشتا ق مہر اورچیف سی پی ایل سی زبیر حبیب سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے گورنر ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی ، ملاقات میں گورنر سندھ کی صوبہ اور شہر کے لئے بے پناہ خدمات کو سراہا گیا،انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نے انتہائی مشکل حالات میں بھی انتہائی سمجھداری اور تدبر کا مظاہرہ کیا اور صوبہ کے عوام کی خدمت کی ۔ گورنر سندھ نے دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا۔