کراچی:(آئی این پی )وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ مردم شماری کرانے کا فیصلہ منسوخ نہیں عارضی طور پر معطل ہوا ہے ۔ وزیر اعظم کو مرحلہ وار مردم شماری کرانے کی تجویز دی تھی تاہم انہوں نے نہیں مانی ، 25 مارچ کو اس حوالے سے فیصلہ ہوجائے گا ۔ سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں مرحلہ وار مردم شماری کرانے کی تجویز دی تھی تاہم وزیر اعظم نے اس سے اتفاق نہیں کیا ۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ ضرب عضب کی وجہ سے فوج مردم شماری کے لیے تین لاکھ کے قریب جوان مہیا نہیں کرسکتی ، اس حوالے سے 25 مارچ کو دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں اتفاق رائے ہو جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس سے پہلے آل پارٹیز کانفرنس میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا نے مردم شماری کے حوالے سے اعتراضات اٹھائے تاہم پنجاب نے کوئی واضح موقف اختیار نہیں کیا ۔