مریم نواز یا شہباز شریف وزیراعظم بن سکتے ہیں۔منظور وسان
کراچی(ملت آن لائن)صوبائی وزیر تجارت منظور وسان کا کہنا ہےکہ مستتقبل میں نئی ایم کیوایم کا سربراہ دبئی سے ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صنعت و تجارت منظور وسان نے کہا کہ خوابوں کا دور ختم ہوگیا اب پیش گوئیاں کرتا ہوں۔
منظور وسان نے نئی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کا مستقبل نظر نہیں آرہا تاہم مستقبل میں نئی ایم کیو ایم کا سربراہ دبئی سے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف وطن واپس آئیں گے اور شاید واپس نہ جاسکیں لیکن وہ جیل ضرور جائیں گے جب کہ مستقبل میں مریم نواز یا شہباز شریف وزیراعظم بن سکتے ہیں۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف جام صادق کے دور میں بھی اتحاد بنے تھے، یہ لوگ گرینڈ الائنس سے کام لے کر انہیں بھی خدا حافظ کہہ دیں گے اور گرینڈ الائنس کو آئندہ الیکشن میں ایک بھی سیٹ نہیں ملے گی۔
چیرمین پی ٹی آئی سے متعلق منظور وسان نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں زرداری جیل جائیں گے لیکن میں کہتا ہوں کہ عمران خان جیل جائیں گے۔