مزار قائد کے لیے زمین میرے دادا نے دی، نبیل گبول
تھانہ بولاخان:(ملت آن لائن) سابق وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل احمد گبول نے کہا ہے کہ 1935 میں میرے دادا کراچی کے میئر بنے اور بابائے قوم قائداعظم کے مزار کے لیے زمین بھی ہم نے دی تھی۔ تھانہ عارب خان میں منعقد ہونے والے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں تبدیلی کا تحفہ دیں گے۔ یہاں کی ساری برادریوں کو ایک کر کے کوہستان قومی اتحاد کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 1935 میں میرے دادا کراچی کے میئر بنے اور بابائے قوم قائداعظم کے مزار کے لیے زمین بھی ہم نے دی تھی۔ سابق وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا ہے کہ نواز شریف سینیٹ انتخابات میں کامیاب ہونے کے لیے اراکین پارلیمنٹ خرید رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے بعض رہنما اور اراکین کو الوداع کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں جس کیلیے مرکزی قیادت کے کہنے پر پلان بی تیار کیا گیا ہے جس کی بنیاد پر نئے چہرے سامنے لارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن میں کسی بھی پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی، کوہستان میں پہلے بھی ترقیاتی کام کروائے اور آئندہ بھی کروائیں گے، صحت اور تعلیم کو ترجیح دی جائے گی تاکہ یہاں کے لوگوں میں شعور بیدار ہو۔ جلسے سے ملک چنگیز خان، عارب خان برھمانی، ایڈووکیٹ رمیش گپتا، نیاز چھچھر، موندر خان باریجو، شیخ عبداللہ، خالد گبول اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوہستان کے عوام سرداری نظام سے بیزار ہو چکے ہیں۔ 30 سال سے ووٹ دیکر تھک گئے مگر بھوک اور افلاس کے سوا یہاں کے لوگوں کو کچھ بھی نہیں ملا۔ قبل ازیں نبیل گبول کا جلسہ گاہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔