مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر سمیت اہم رہنما پیپلز پارٹی میں شامل
کراچی: (ملت آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں صدر اسرار مشواٹی، فرخ نیاز ودیگر نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر اسرار مشواٹی، فرخ نیاز ودیگر نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، وقار مہدی اور سعید غنی نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہا۔ نثار کھوڑو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پارٹی میں شامل ہونے والوں کو سندھ کی سیاست میں کردار ادا کرنا ہے۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ خود کو مقبول جماعت کہلانے والے لیڈر نااہل ہو چکے ہیں۔ نواز شریف کی نااہلی کی وجہ سے ان کے لوگ سر چھپا کر چل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے ملک کو وجود میں لانے کے لئے کردار ادا کیا ہے۔ لیکن دوسری طرف عوام کے ووٹوں سے منتخب لیڈر عمران خان پارلیمنٹ پر لعنت بھیج رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان آمروں کا خوشامدی ہے اور عوام کو بے وقوف بنا رہا ہے۔