کراچی(اے پی پی)کراچی میں مصطفی کمال نے منگل کوکوئی وکٹ تونہیں گرائی مگر باغِ جناح میں جلسے کی تیاریاں شروع کردیں۔ انیس قائم خانی کہتے ہیں،ان کے پاس سیکٹر اور یونٹ نہیں مگر ہزاروں عام لوگ ساتھ ہیں،جلسہ منظم اور بڑا ہوگا۔ انیس قائم خانی نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ 3مارچ کے بعد ہزاروں عام لوگوں نے رابطہ کیا ہے، ان کے جذبے کو دیکھتے ہوئے یقین ہے کہ 23 مارچ کا جلسہ منظم بھی ہوگا اور بڑا بھی۔ ایم کیو ایم چھوڑ کر ’’کمال‘‘ کے ہونے والے ڈاکٹر صغیر احمد کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد بڑا ہے، اسی لئے لوگ ہمیں اُلجھانا چاہتے ہیں،رابطہ کرنے والے افراد پارٹی کے بارے میں مختلف تجاویز دے رہیں جبکہ مشاورت کے بعد پارٹی کے نام کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ ڈاکٹر صغیرکا کہنا تھا کہ وہ کراچی کو پیرس، لندن یا نیویارک نہیں بنانے کا دعویٰ نہیں کرتے،موقع ملا تو کراچی کی پرانی شناخت بحال کریں گے۔