کراچی(اے پی پی)آج گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ایک صحافی پوچھ بیٹھے کہ مصطفیٰ کمال کی انٹری کے بعد آپ فعال نظر آ رہے ہیں؟ جس پر گورنر عشرت العباد نے جواب دیا کہ یہ حسن اتفاق ہے اور کچھ نہیں۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد آج کل کراچی کے اسپتالوں،پارکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا دھڑا دھڑ معائنہ کررہے ہیں، آج بھی وہ گرین لائن بس پراجیکٹ سمیت مختلف منصوبوں کے معائنے پر نکلے تھے کہ صحافیوں نے کیا ایک چبھتا ہوا سوال،پوچھا کہ جب سے مصطفیٰ کمال منظر عام پر آئے، تب سے آپ کچھ زیادہ ہی فعال نہیں ہوگئے؟گورنر عشرت العباد نے جواب دیا کہ یہ حسن اتفاق ہے اور کچھ نہیں۔ گورنر سندھ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ منتخب نمائندوں کو قانونی پیچیدگی کی وجہ سے اختیارا ت نہیں مل پارہے تاہم منتخب نمائندوں کو چاہئے کہ وہ اپنے علاقوں میں نکلیں اور کام کا آغاز کریں۔ گورنر نے گلستان جوہر میں فیملی پارک کاافتتاح بھی کیا۔بتایا کہ کے 4 منصوبہ بننے جارہا ہے، سرکلر ریلوے کے متعلق وفاقی وزیر سے بات ہوئی ہے، لیاری ایکسپریس وے کے دوسرے ٹریک کاکام بھی جلد مکمل ہوجائے گا۔