کراچی:(اے پی پی) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال کو ضرور کسی کی ضرور حمایت حاصل ہے اگر اس کا نام لیا تو سیاست میں بھونچال آجائے گا.کراچی میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال اور ان کی پارٹی کو ضرور کسی کی حمایت حاصل ہے، وہ اپنے کمال سے آئے ہیں یا اس میں کسی اور کا دھمال ہے اس کا جلد پتہ چل جائے گا ۔ اگر انہوں نے کسی کا نام لیا تو سیاست میں بھونچال آجائے گا ۔ لیکن اتنا علم ہے کہ سابق سٹی ناظم کراچی لاوارث نہیں۔ کسی کی پریس کانفرنس سے کوئی تبدیلی نہیں آتی اگر کوئی بڑا بھونچال آ بھی گیا تو کراچی ، حیدرآباد اور تھوڑا سا اثر میرپورخاص میں پڑے گا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ نیب سندھ میں کارروائی کرے تو سب اچھا کا راگ الاپا جاتا ہے اور جب پنجاپ میں کارروائی کی جائے تو وہاں کے دبنگ وزیر اعلیٰ کانپ جاتے ہیں اور نیب کی کارروائیاں دیکھ کر کہا جاتا ہے کہ ان کے ناخن کاٹے جائیں گے۔ ضیاالحق کی سیاسی جدتوں کی وجہ سے عوام کو فرقہ واریت کا نشانہ بنایا گیا، ذوالفقار بھٹو کو بھی انہوں نے ہی پھانسی دے کر عدالتی دہشت گردی کی تھی۔