خبرنامہ سندھ

مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کروں گا: بلاول

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے پیپلز پارٹی رہنماؤں کیلئے شہر اقتدار میں ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ ڈنر میں شرکت کیلئے پیپلز پارٹی کے رہنماء اور ارکان پارلیمنٹ زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں سے خطاب بھی کیا۔ بلاول کی جانب سے دیئے گئے عشایئے میں یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ، رحمان ملک، نیئر بخاری، اعجاز جاکھرانی، زمرد خان، یوسف تالپور، غلام مصطفیٰ شاہ، نفیسہ شاہ، زرمین خان، سحر کامران اور ڈاکٹر کریم خواجہ بھی شریک تھے۔ نوید قمر، عمران ظفر لغاری، فرحت اللہ اور روبینہ خالد بھی عشایئے میں موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے 27 دسمبر تک 4 مطالبات نہ مانے تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کروں گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ خود احتجاجی تحریک کی قیادت کروں گا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے حکومت کو مشورہ دیا کہ پاناما بل کی منظوری میں رکاوٹ نہ بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے۔ بلاول ن ے یہ بھی کہا کہ حکومت پاناما لیکس کے معاملے میں مکمل طور پر پھنس چکی ہے۔