خبرنامہ سندھ

معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی سے چیف ایگزیکٹو پیسکو شبیر احمد جیلانی کی ملاقات

پشاور (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے بدھ کو واپڈا ہاؤس پشاور میں چیف ایگزیکٹو پیسکو شبیر احمد جیلانی سے ملاقات کی اور ان سے تحصیل بریکوٹ میں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ کے خاتمے ، گرڈ سٹیشن اور فیڈرز کو چالو حالت میں لانے ، نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور دیگر متعلقہ مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ڈاکٹر امجد علی نے چیف ایگزیکٹو کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل بریکوٹ میں بارہ تا پندرہ گھنٹے غیر اعلالانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے جو مقامی آبادی کے ساتھ سوتیلی ماں کے سلوک کے مترادف ہے اور عوام میں اس بارے تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے۔انہوں نے پیسکو چیف کو بتایا کہ انہوں نے بجلی سے متعلقہ منصوبوں کے بارے میں 15کروڑ روپے مختص کئے ہیں جنہیں جلد ریلیز کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر تحصیل بریکوٹ میں بجلی کی صورتحال کو بہتر نہیں بنایا گیا تو مقامی آبادی احتجاج پر مجبور ہو سکتی ہے جس کے باعث ناخوشگوار صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ چیف ایگزیکٹو نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کو یقین دلایا کہ تحصیل بریکوٹ میں جون تک گرڈ سٹیشن اور فیڈرز چالو حالت میں آ جائینگے جس کی وجہ سے وہاں بجلی کی مجموعی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئیگی۔انہوں نے ڈاکٹر امجد علی کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ مذکورہ تحصیل میں نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور بجلی سے متعلق دیگر مسائل بھی جلد حل کر دئیے جائیں گے۔