خبرنامہ سندھ

ملزم شاہ رخ جتوئی کی ضمانت کی درخواست

ملزم شاہ رخ جتوئی کی ضمانت کی درخواست
کراچی:(ملت آن لائن) شاہ زیب قتل کیس میں ملزم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور سمیت دیگر ملزمان نے ضمانت کے لیے سٹی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ شاہ زیب قتل کیس میں ملزم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور نے ضمانت کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔ عدالت نے ضمانت کی درخواست پر وکیل سرکار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا۔ وکیل ملزم نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ میں راضی نامہ ہوچکا ہے لہٰذا کیس ختم کیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ عدالت میں کیس ابھی آیا ہے، ہم راضی نامہ پہلے دیکھیں گے اور تصدیق کریں گے۔ عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے اور راضی نامے کی تصدیق شدہ کاپی بھی طلب کرلی۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ میں دائر ضمانت کی درخواست پر سماعت کل ہوگی۔ ملزمان اس سے قبل ملیر کورٹ سے بھی ضمانت لے چکے ہیں۔ اب سٹی کورٹ سے ضمانت ملنے کی صورت میں ملزمان رہا ہو جائیں گے۔ اس سے قبل 28 نومبر کو سندھ ہائیکورٹ نے مجرمان کی سزائے موت سمیت تمام سزائیں کالعدم قرار دے کر کیس دوبارہ سماعت کے لیے ماتحت عدالت کو بھیج دیا تھا۔ سماعت کے دوران عدالت نے کہا تھا کہ مقدمے کی سماعت متعلقہ سیشن عدالت کرے گی۔ ماتحت عدالت قتل کے محرکات کا بھی جائزہ لے گی کہ قتل ذاتی عناد پر ہوا یا دہشت گردی ہے۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیے تھے کہ فریقین میں سمجھوتہ ہوچکا ہے صرف دہشت گردی کے پہلو کا جائزہ لینا باقی ہے۔ سنہ 2012 میں مقتول شاہ زیب خان کی بہن کے ساتھ شاہ رخ جتوئی اور اور اس کے دوست غلام مرتضیٰ لاشاری کی جانب سے بدسلوکی کی گئی جس پر شاہ زیب مشتعل ہو کر ملزمان سے بھڑ گیا۔ موقع کے وقت معاملے کو رفع دفع کردیا گیا تاہم بعد ازاں شاہ رخ جتوئی نے شاہ زیب کی گاڑی پر فائرنگ کر کے اسے قتل کردیا۔