خبرنامہ سندھ

ملک بھرمیں گرمی کی شدید لہربرقرار، پارہ50 ڈگری تک پہنچ گیا

کراچی:(اے پی پی) سندھ ، بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جب کہ بجلی کے شارٹ فال میں اضافے کے باعث عوام گرمی کے عالم میں لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھی سہنے پر مجبور ہیں۔ ملک میں منگل کے روز سب سے زیادہ گرمی موہن جو دڑو میں پڑی جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سیلسئیس تک جاپہنچا، لاڑکانہ میں 49، نواب شاہ اور حیدر آباد میں 48، سکھر ،جیکب آباد، تربت، کوٹ ادو اور رحیم یارخان میں 47 ، نور پور تھل، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 45، ملتان اور مٹھی میں 44، میر پور خاص، جھنگ، لاہور، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لیہ میں 43، فیصل آباد،منگلا اور سیالکوٹ میں درجہ حرارت 42 ڈگری جب کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد تک پہنچ گیا جبکہ ہواؤں کی رفتار بھی صرف 7 ناٹ رہ گئی ہے۔ ہواؤں کی کم رفتار اور ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے سے ہیٹ انڈیکس بڑھ سکتا ہے تاہم فی الحال شہر میں ہیٹ اسٹروک کا کوئی خدشہ نہیں۔ محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں ایک دن مزید گرمی جاری رہنے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ جبکہ جون کے ابتدائی 15 دن بھی گرم رہنے کا عندیہ دے دیا گیا ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ بدھ کو بھی کراچی سمیت اندرون سندھ گرمی رہے گی، عوام صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں تاہم جمعرات کو گرمی کا زور کافی حد تک کم اور درجہ حرارت معمول پر آنے کا امکان ہے۔ اور حیرت انگیز طور پر خوشی کی خبر یہ ہے کہ رواں سال کراچی میں 3 سال کے مقابلے میں زیادہ مون سون بارشوں کی توقع بھی ہے۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 4 ہزار میگا واٹ تک بڑھ گیا ہے ، اس وقت بجلی کی پیداوار 13 ہزار 300 میگاواٹ جب کہ طلب 17 ہزار 300 میگاواٹ ہے، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید 3 گھنٹے تک بڑھ گیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی نے اعتراف کیا ہے کہ جن علاقوں میں بجلی کے واجبات 20 سے 30 فیصد سے کم ہیں وہاں 20 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔