خبرنامہ سندھ

مولا بخش چانڈیو کا محکمہ اطلاعات کے مختلف شعبہ جات کا اچانک دورہ

کراچی :(اے پی پی) صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے منگل کی صبح محکمہ اطلاعات کے مختلف شعبہ جات کا اچانک دورہ کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صوبائی مشیر اطلاعات نے مختلف شعبہ جات کے دورے کے موقع پر حاضری رجسٹر چیک کئے اور افسران و دیگر ملازمین سے فرداً فرداً ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے غیر حاضر ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے تمام افسران و ملازمین کو تنبیہ کی کہ وہ اپنی بروقت حاضری کو یقینی بنائیں۔ مولا بخش چانڈیو نے محکمہ اطلاعات کے پریس انفارمیشن سیکشن میں تمام افسران و دیگر سٹاف کی مکمل اور بروقت حاضری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر پریس انفارمیشن زینت جہاں کو ان کی اور سٹاف کی اچھی کارکردگی پر سراہا۔ انہوں نے تمام افسران اور ملازمین کو قواعد و ضوابط کے مطابق کام کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری اطلاعات اعجاز احمد میمن، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات لبنیٰ صلاح الدین اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔