خبرنامہ سندھ

مہاجرسیاست سے پی ایس پی نے لاتعلقی کا اظہارکردیا، فاروق ستار

مہاجرسیاست سے پی ایس پی نے لاتعلقی کا اظہارکردیا، فاروق ستار
کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ پھرظلم اورناانصافی ہوئی ہے جب کہ مہاجرسیاست سے پی ایس پی نے لاتعلقی کا اظہارکردیا ہے۔
ایم کیوایم پاکستان کی یادگار شہدا پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ آج ایک سال کے بعد شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پہنچ گئے، ایک بارپہلے بھی یہاں آنا چاہتے تھے اس وقت ہمیں آنے نہیں دیا گیا، شہدا کے لہو کے مقروض انکا قرض چکائیں گے، مہاجروں کی عزت وآبروکوبحال کریں گے۔ سربراہ ایم کیوایم فاروق ستارنے کہا کہ شرپسندوں کو اپنی صفوں سےنکالیں گے، سیاسی الائنس کے دروازے آج بھی کھلے رکھیں ہیں، 5 نومبرکے جلسے کے بعد بڑاحوصلہ ملا، ہم صاف ستھری ایم کیوایم قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور2018 میں مہاجروں کی عظمت لوٹائیں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ شہدا ہماری تحریک کا اہم حصہ ہیں، ایم کیوایم کے کارکنوں کو یادگارشہدا جانے کی اجازت نہیں دی گئی، سمجھ نہیں آرہا کہ ہمیں کیوں روکا جارہا ہے، صرف مجھے اوررابطہ کمیٹی کو جانے کی اجازت دی گئی ہے، ہمارے ساتھ پھر ظلم اور ناانصافی ہوئی ہے۔ فاروق ستارنے کہا کہ خطرات کے پیش نظرہماری موبلائزیشن کوروکاجارہا ہے، ہم نے یادگارشہدا ایم کیوایم جانےکیلیے انتظامیہ کودرخواست دی تھی، انتظامیہ نے بتایا کہ ہماری زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں سوال یہ ہے کہ صرف ہماری زندگیوں کوہی خطرہ کیوں ہے۔
یادگارِشہداء پرحاضری کے سلسلے میں پولیس نے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے۔ ضلعی وسطی پولیس نے یادگارِشہدا کی جانب آنے والے راستوں کو کنٹینر لگاکر سیل کردیا۔