خبرنامہ سندھ

میئر کراچی کا رات گئے شہر کا جائزہ

کراچی: (ملت+اے پی پی) میئر کراچی وسیم اختر نے رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ کورنگی کراسنگ پر بننے والے فلائی اوور کے معائنے کے موقع پر میئر کراچی نے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز کو کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کاموں میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کروں کا اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ شہر کے ماسٹر پلان پر عمل کیلئے وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو سے بات کریں گے۔ کورنگی کراسنگ پر ٹریفک جام اور عوام کومشکلات رہتی تھی اسی لئے فلائی اور تعمیر کیا جا رہا ہے تاہم ہائی ٹینشن وائر کی وجہ سے کام میں مشکلات آ رہی ہیں۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ منصوبے بہت ہیں مگر وسائل محدود ہیں۔ وفاق، گورنر اور وزیر اعلی سندھ سے گزارش ہے کراچی کے لیے پیکج دیا جائے۔