خبرنامہ سندھ

میرےنام سےایدھی کےحوالےسےمیسج سراسرجھوٹ ہے،مفتی منیب

کراچی:(آئی این پی) مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پرمیرے نام سے منسوب میسج سرا سر جھوٹ اور بہتان ہے. مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ عبدالستار ایدھی کے انتقال پر مجھ سے نمازجنازہ پڑھانے کے لیے رابطہ کیا گیا تومیں اس وقت اپنے ایک عزیزکی شادی میں شرکت کے لیے ایبٹ آباد میں تھا، میں نے بتایاکہ چند گھنٹوں میں میراکراچی پہنچنا عملاً ممکن ہی نہیں ہے۔ میرا آفیشل پیج Mufti Muneeb-ur-Rehman Office کے نام سے ہے اس کے علاوہ جس قدر پیج میرے نام سے منسوب ہیں، سب جعلی ہیں اور اُن سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حساس اداروں سے رجوع کر رہا ہوں کہ وہ اس کی تحقیق کریں کہ یہ سازش کس نے کی ہے اور اس فتنہ انگیزی کے پیچھے کس کا ہا تھ ہے۔ گزشتہ روزمفتی منیب الرحمن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش تھیں کہ انہوں نے عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ میں اس لئے شرکت نہیں کی کیونکہ عبدالستار ایدھی ایک ملحد شخصیت تھے۔