خبرنامہ سندھ

میمن برادری کا ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے، گورنر سندھ

کراچی :(اے پی پی) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ میمن برادری نے قیام پاکستان کے بعد سے ہی ملک کی تعمیر و ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے، دکھی انسانیت کے لئے بھی ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ جمعہ کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکھائی میمن جماعت کے زیر اہتمام ٹریڈ اینڈ کنزیومر نمائش (پورٹریٹ) اور جماعت کی 135 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ معاشی میدان کے ساتھ ساتھ صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں میمن برادری کی تمام جماعتوں نے کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میمن برادری کی جانب سے قائم کئے جانے والے تمام تعلیمی اداروں اور طبی مراکز میں بلارنگ و نسل، زبان و مذہب ہر کسی کو خوش آمدید کہا جاتا ہے جوکہ نہایت قابل تحسین بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوکھائی میمن جماعت کی جانب سے گزشتہ 135 برسوں کے دوران کراچی میں ان گنت فلاحی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے گئے ہیں۔ انہوں نے میمن جماعت کی جانب سے یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ جامعہ بھی جماعت کے دیگر منصوبوں کی طرح سٹیٹ آف دی آرٹ ہو گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں صنعتوں کے فروغ اور صنعتی پیداوار میں اضافے میں بھی میمن برادری کی تمام شاخوں نے قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک عشرے کے دوران کراچی میں امن وامان کا مسئلہ رہا تاہم اس کے باوجود تمام صنعت کاروں اور تاجروں جن میں میمن صنعت کار اور تاجر بھی شامل تھے، نے صنعتی عمل کو جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کاوشوں اور کراچی کے عوام کے تعاون کے باعث شہر قائد اپنی پرانی رونقوں کی جانب لوٹ رہا ہے اور شہری سماجی، سیاسی، ثقافتی، تفریحی سرگرمیوں سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہورہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہاکہ اوکھائی میمن جماعت کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ بابائے قوم نے اوکھائی میمن مسجد کھارادر سے ابتدائی دینی تعلیم حاصل کی تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور معروف صنعت کار سراج قاسم تیلی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میمن برادری کے کردار کو کسی صورت میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے میمن برادری کی تمام شاخوں پر زور دیا کہ وہ اپنا اتحاد برقرار رکھیں۔ اوکھائی میمن جماعت کے صدر عبدالوحید ہاشم پنجوانی نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد بھارت سے ہجرت کرکے آنے والے مسلمانوں کی آبادکاری میں بھی اوکھائی میمن جماعت نے نمایاں طور پر حصہ لیا تھا۔ جماعت کے جنرل سیکرٹری محمد ابراہیم ممدانی نے کہا کہ جماعت کے زیر اہتمام انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے جس کا مقصد تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کرنا ہے۔ ورلڈ میمن جماعت کے عہدیدار شعیب اسماعیل نے کہا کہ میمن دنیا کے ہر کونے میں آباد ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں متحد اور منظم کیا جائے۔ اس موقع پر حسین ابراہیم جمال، محمد عثمان کاٹھ، عبدالعزیز احمد کاٹھ، شعیب اسماعیل، ایم داؤد حنیف جکھورا کو مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے پر لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ دیئے گئے۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے ٹریڈ اینڈ کنزیومر نمائش پورٹریٹ کا افتتاح بھی کیا۔ تقریب میں ایوانہائے صنعت و تجارت کراچی کے صدر یونس بشیر بھی موجود تھے۔