میڈیکل کے طلباء سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئے
کراچی:(ملت آن لائن) تحریری امتحان کے بعد طلبہ کے صبر کا امتحان بھی جاری ہے۔ کراچی میں این ٹی ایس کا ٹیسٹ پاس کرنے والے میڈیکل کے طلبہ پھٹ پڑے۔ سندھ ہائیکورٹ کے باہر والدین کے ہمراہ درجنوں طلبہ نے احتجاج کیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں این ٹی ایس کے وکیل نے حکومتی نوٹیفکیشن پیش کیا۔ عدالت نے کہا کہ درخواست پر کوئی حکم امتناع جاری نہیں کیا۔ طلبہ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ میرٹ پر دیا گیا انٹری ٹیسٹ کلیئر کر چکے ہیں، اب دوبارہ امتحان کیوں دیں؟
جسٹس منیب اختر نے ہدایت دی کہ آپ کو تحفظات ہیں تو درخواست دائر کریں۔ عدالت نے درخواست کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی ہے۔ یاد رہے کہ میڈیکل کے طلبہ کے انٹری ٹیسٹ میں پرچہ لیک ہونے کا انکشاف ہوا تھا جس پر حکومت نے پیپر منسوخ کرتے ہوئے نئے سرے سے امتحان کرانے کا حکم دیا تھا۔