خبرنامہ سندھ

نائن زیرو ؛ اسلحہ کی فرانزک رپورٹ پولیس کو موصول

کراچی: (ملت+اے پی پی) کراچی کے علاقے عزیز آباد نائن زیرو کے قریب سے ملنے والے اسلحہ کی فرانزک رپورٹ پولیس کو موصول ہو گئی ہے۔ فرانزک رپورٹ کے مطابق کلاشنکوف سمیت دیگر اسلحہ غیرملکی ہے۔
کراچی کے علاقے عزیز آباد میں نائن زیرو کے قریب واقع ایک گھر کے واٹر ٹینک سے ماہ اکتوبر میں ملنے والے اسلحے کی فارنزک رپورٹ پولیس کو موصول ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کلاشنکوف سمیت دیگر اسلحہ غیرملکی ہے۔ اس قسم کا اسلحہ پاکستان میں نہیں بنایا جاتا ہے۔ واٹر ٹینک سے ملنے والا تمام اسلحہ بیرون ملک سے پاکستان منگوایا گیا ہے۔ فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد پولیس نے برآمد ہونے والے اسلحہ سے متعلق بیرون ملک اسلحہ بنانے والی کمپنی سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس نے عزیز آباد سے ملنے والے اسلحہ کے حوالے سے کسٹم حکام سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔ سندھ پولیس خط کے ذریعے اسلحہ کی پاکستان برآمدگی سے متعلق تفصیلات طلب کرے گی۔ عزیز آباد سے ملنے والے اسلحہ میں صرف چھے جی تھری گنیں پاکستان کی نکلی ہیں۔