خبرنامہ سندھ

نثارکھوڑوکوداخلہ یا خزانہ کا قلم دان دینےکی تجویزپرغور

کراچی: (آئی این پی) سندھ میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے بعد صوبائی کابینہ اور بیوروکریسی میں بھی تبدیلیاں لائی جائیں گی اور سندھ کابینہ کے بعض موجودہ وزراکو نئی کابینہ میں بھی شامل رکھاجائے گا جب کہ بعض نئے چہروں کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ سینئر صوبائی وزیرنثارکھوڑوکو داخلہ یاخزانہ کا قلم دان دینے کی تجویزہے جبکہ نادر مگسی کوخوراک، ناصرحسین شاہ کوزراعت یاآب پاشی کی وزارت دینے کی تجویز زیرغورہے۔ جام خان شوروکووزیربرائے جیل خانہ جات بنانے کی تجویزہے، مشیراطلاعات سندھ مولابخش چانڈیوکو دوبارہ یہی عہدہ ملنے کاقوی امکان ہے۔ محمد علی ملکانی، منظور وسان، ضیا لنجار اور سردار شاہ کو بھی سندھ کابینہ میںوزارت مل سکتی ہے۔ سندھ کابینہ میں 2 سے 3 خواتین وزرا بھی شامل کی جائیں گی جنھیں محکمہ ثقافت، محکمہ اسپیشل ایجوکیشن اورمحکمہ ترقی نسواں کے محکمے دیے جانے کاامکان ہے۔ نئے چہروں میں سلمان عبداللہ مراد، فیاض علی شاہ اور دیگر شامل ہوں گے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے چند قریبی ساتھیوں کو بھی مشیر بنایاجائے گا۔ سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کے بعدصوبے کی بیورو کریسی میں بھی تبدیلیاں لائی جائیں گی، خاص طور پر محکمہ خزانہ، محکمہ داخلہ اور محکمہ سیاحت و ثقافت میں تبدیلیاں متوقع ہیں، سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہوکوسیکریٹری خزانہ مقررکرنے کاامکان ہے جبکہ اقبال درانی کو سیکریٹری تعلیم تعینات کیاجاسکتا ہے۔