خبرنامہ سندھ

نثار احمد کھوڑو نے دیوالی کی تقریب کے انتظامات سے متعلق 8 رکنی کمیٹی قائم کردی

کراچی ۔ 24 اکتوبر (ملت + اے پی پی) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے 30 اکتوبر کو گھوٹکی میں ہونے والی دیوالی کی تقریب کے انتظامات سے متعلق 8 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق کمیٹی میں سردار علی گوہر مہر، اعجاز جکھرانی، مکیش کمار چاﺅلہ، عبدالباری پتافی، جام مہتاب ڈہر، ہری رام کشوری، رمیش لعل اور اکرام اللہ دھاریجو شامل ہیں۔ کمیٹی گھوٹکی میں دیوالی کی تقریب کے حوالے سے انتظامات کرے گی۔ دیوالی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی زیرصدارت کمیٹی کا اجلاس پیر کو اُن کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 30 اکتوبر کو دیوالی کی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور دیوالی کی تقریب کے جلسہ گاہ کی جگہ اور سکیورٹی انتظامات سمیت دوسرے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی 30 اکتوبر کو گھوٹکی میں پاکستان کی سب سے بڑی دیوالی منائے گی جس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شرکت کریں گے اور دیوالی کی تقریب کے جلسہ سے خطاب بھی کریں گے، اس حوالے سے تمام انتظامات کر لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی رنگ، مذہب اور زبان سے بالاتر ہوکر سب کوآپس میں برابری کی بنیاد پر ساتھ لے کر چل رہی ہے۔