خبرنامہ سندھ

نقیب قتل کیس: ایک اور پولیس اہلکار گرفتار، ملزمان کی تعداد 11 ہوگئی

نقیب قتل کیس

نقیب قتل کیس: ایک اور پولیس اہلکار گرفتار، ملزمان کی تعداد 11 ہوگئی

کراچی:(ملت آن لائن) پولیس نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں ایک اور گرفتاری کرلی جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد 11 ہوگئی۔ کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں 13 جنوری کو جعلی پولیس مقابلے میں مارے جانے والے نقیب اللہ محسود کے کیس کی تفتیش جاری ہے جس میں پولیس سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو گرفتار کرنے میں تاحال ناکام ہے جب کہ کیس میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
نقیب کےساتھ مارے گئے دیگر 2 افراد کی تفصیلات کیلئے آئی جی پنجاب کو خط
پولیس نے کراچی کے علاقے قائد آباد میں کارروائی کی جس میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور انویسٹی گیشن پولیس نے مشترکہ طور پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ایک گرفتاری عمل میں آئی جس میں پولیس اہلکار جمیل عباسی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جمیل عباسی ملیر سٹی تھانے میں تعینات تھا اور ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن کا گارڈ بھی تھا۔ جمیل عباسی کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے جب کہ کیس میں اب تک گرفتار کیے گئے ملزمان کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔ واضح رہےکہ نقیب اللہ محسود قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار روپوش ہیں جو سپریم کورٹ کے طلب کیے جانے کے باوجود بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔