کراچی: (ملت آن لائن) سندھ اسمبلی کا پہلا اجلاس پیر کے روز اسمبلی ہال میں اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدرات منعقد ہوا۔ اجلاس میں نومنتخب اراکین سے اسپیکر آغا سراج درانی نے حلف لیا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب بدھ15 اگست کو ہو گا۔ سندھ اسمبلی کے 168 کے ایوان میں سے تین نشستوں پر انتخاب ہونے ہیں جبکہ 165 نومنتخب اراکین میں سے 5 نومنتخب ارکان نے حلف نہیں اٹھایا، ان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے علی مردان شاہ، پیپلز پارٹی کے علی نواز مہر، پیپلز پارٹی کے فضل علی شاہ جیلانی، پی ٹی آئی کی ڈاکٹر سیما ضیاء اور پی ٹی آ ئی کی مس شاہینہ اثعر شامل ہیں، اس طرح 160 ارکان نے اردو، انگریزی اور سندھی میں حلف اٹھایا۔ حلف برداری کے موقع پر مہمانوں کی گیلری میں بیٹھے افراد نے اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کے حق میں نعرے لگائے۔ حلف کے بعد نومنتخب اراکین رجسٹر پر دستخط کرنے آئے تو اسپیکر نے ان کا خیر مقدم کیا۔ پیپلز پارٹی کے97 اراکین، تحریک انصاف کے 30 ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے 21، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے 13، تحریک لبیک پاکستان کے 3 اور متحدہ مجلس عمل کے ایک رکن نے حلف اٹھایا۔ پیپلز پارٹی کے شرجیل انعام میمن اور ایم کیو ایم کے جاوید حنیف نے جیل سے اسمبلی آکر حلف اٹھایا۔ اسپیکر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے 15 اگست کو ہو گا۔ قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی اور نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی سندھ اسمبلی میں حلف لیا۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ گورنر کے عہدے پر تقرری سے قبل سندھ اسمبلی کی نشست چھوڑ دوں گا۔ اجلاس کے بعد نومنتخب اراکین ایک دوسرے سے مل کر مبارکباد دیتے رہے۔ خوش گوار ماحول میں اجلاس 15 اگست کی صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔