خبرنامہ سندھ

نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر ملکیوں سمیت 12 افراد گرفتار

کراچی (ملت آن لائن + آئی این پی) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں ، مالک مکان ، کرائے دار اور غیر ملکیوں سمیت 12 افراد گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو مبینہ ٹاؤن پولیس نے ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 2افراد گل محمد ولد دوست محمد اورر نعمت ولد عنایت کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد غیر ملکی ہیں اور غیر قانونی طریقے سے عرصہ درازسے رہائش پزیر تھے۔ ادھر کلفٹن کے علاقے میں پولیس نے چھاپہ مار کر 3 غیر ملکیوں کو گرفتار کر کے فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے بتا یا کہ گرفتار افرا د کا تعلق افغانستان سے بتایا جاتا ہے۔ ادھر اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے فارن ایکٹ کے تحت کارروائی کے دوران 2 افراد علی محمد ولد شاہ زور اور فہیم ولد عبدالجبار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ جوہر آباد پولیس نے 2 مختلف کارروائیوں کو دوران 2 مالک مکان محمد محمد ، محمد سلمان اور کرائے دار محمد عزیر ، عبدالرؤف کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مالک مکان کی جانب سے کرائے دار کی انٹری نہیں کروائی گئی ہے۔ ادھر نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کی دوران ایک ملزم دلاور ولد نادر خان کو گرفتار کر کے فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔