خبرنامہ سندھ

نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی 45پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی

کراچی (آئی این پی) نیشنل پاور الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی 45پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی، زرعی اور 300یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر اطلاق نہیں ہو گا، کے الیکٹرک سے مہنگے پلانٹس چلا کر میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی اور صارفین کا ریلیف متاثر کئے جانے پر رپورٹ طلب کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی کی قیمت 45پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی، نیپرا کو بجلی سستی کرنے کی درخواست کے الیکٹرک نے ماہ فروری کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی تھی۔ نپرا حکام کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق زرعی اور 300یونٹ استعمال کرنے والے گھریلوں صارفین پر نہیں ہو گا۔ دوسری طرف نیپرا نے کے الیکٹرک سے مہنگے پلانٹس چلا کر میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی کرنے پر بھی رپورٹ طلب کرلی۔ حکام کے مطابق نیپرا نے گیس کی بجائے مہنگے پلانٹس چلا کر بجلی پیدا کی، جس سے صارفین کا ریلیف متاثر ہوا، مجموعی طور پر کے الیکٹرک کی 46کروڑ روپے فیول لاگت میں کمی آئی، تاہم صارفین کو کروڑوں کا ریلیف مل سکتا تھا۔(اح)