خبرنامہ سندھ

ن لیگ اور بہاری قومی موومنٹ کے رہنمائوں سمیت 30 افراد کو قتل کیا :کاشف ڈیوڈ

کراچی :(اے پی پی) سیاسی جماعت کے گرفتار ٹارگٹ کلر کاشف ڈیوڈ نے دوران تفتیش اہم انکشافات کر دیئے ، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے پولیس اہلکاروں ، مسلم لیگ کے رہنما زوہیر اکرم ندیم سمیت 30 افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر کاشف عرف ڈیوڈ نے ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات کئے ہیں ۔ دوران تفتیش ملزم نے پولیس اہلکاروں ، پاکستان مسلم ن کے رہنما زوہیر اکرم ندیم اور بہاری قومی موومنٹ کے رہنما آفتاب ملک سمیت 30 سے زائد افراد کی قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے تفتیشی ٹیم کو بتایا کہ وہ 1995 سے بدنام ٹارگٹ کلر اجمل پہاڑی کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ تھا جبکہ 2005 میں اس نے متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی اور کراچی تنظیمی کمیٹی کے کہنے پر اپنی ٹارگٹ کلنگ ٹیم تشکیل دی اور ٹارگٹ کلنگ وارداتیں کیں ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ۔