خبرنامہ سندھ

واٹربورڈ کی خستہ حال لائنوں نےکراچی کا حشر نشرکردیا

واٹربورڈ کی خستہ حال لائنوں نےکراچی کا حشر نشرکردیا

کراچی (ملت آن لائن) کراچی میں واٹر بورڈ کی خستہ حال لائنوں نے شہر کو تباہ و برباد کر دیا۔
سیوریج لائنوں سے پانی کے مسلسل رسائو کی وجہ سے شارع فیصل پر قائد اعظم میوزیم کے سامنے سے گزرنے والی سیوریج لائن اچانک بیٹھ گئی جس کی وجہ سے سڑک کو ہیوی ٹریفک کیلئے بند کرنا پڑا ۔ مسلسل پانی کے رسائو کی وجہ سے شارع فیصل پر قائد اعظم ہائوس میوزیم کے سامنے سیوریج لائن بیٹھ گئی سڑک کی بندش سے نہ صرف ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوئی بلکہ ٹریفک کو متبادل سڑکوں پر موڑنے کی وجہ سے دوسری سڑکوں پر ٹریفک کے دبائو میں اضافہ ہوگیا جس سے شہری اذیت کا شکار رہے۔ زیر زمین پانی کی وجہ سے سڑک جگہ جگہ سے کھوکھلی ہوچکی ہے اور کئی جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیں تاکہ اس حوالے سے کوئی کارروائی کی جا سکے۔

…………………..

…اس خبر کو بھی پڑھیے….

گورنر سندھ سے اے این پی کے وفد کی ملاقات

کراچی:(ملت آن لائن) گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ میرے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے کھلے ہیں۔ پائیدار امن کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرتا رہوں گا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر سے عوامی نیشنل پارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت اے این پی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کی۔ ملاقات میں سیاسی سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ میرے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے کھلے ہیں۔ پائیدار امن کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اولین ترجیح ہے۔ کراچی پیکج سے شہریوں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ دوسری جانب شاہی سید کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل میں گورنر سندھ سے تعاون کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں ن لیگ کے ساتھ تعاون پر بات چیت جاری ہے۔