خبرنامہ سندھ

وزیراعظم نے سندھ اور پنجاب کے درمیان غلط فہمیوں کو ختم کردیا، ڈاکٹرعشرت العباد

کراچی(آئی این پی )گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے سندھ اور پنجاب کے درمیان غلط فہمیوں کو ختم کردیا۔ کراچی میں گرین لائن منصوبے کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی کی آبادی میں اضافہ ہوتا رہا لیکن انفرااسٹرکچر پر کسی نے توجہ نہیں دی جب کہ 2013 میں شہر کے امن کے لئے وزیراعظم نے اہم قدم اٹھایا جس پر سب نے لبیک کہا اور سیکیورٹی فورسز خصوصاًرینجرز نے امن و امان کی اونر شپ لی۔ کراچی میں امن و امان کا سہرا تمام اسٹیک ہولڈرز کو جاتا ہے، دہشت گردی پر قابو پانا رینجرز کا کارنامہ ہے اور شہر میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن ہر قیمت پر اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔ گورنر سندھ نے گرین لائن منصوبے پر شاعرانہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بس کا عجب معاملہ تھا،نہ بس چل رہی تھی۔ نہ بس چل رہاتھا، کراچی کوپاکستان کا دل کہتے رہے لیکن اس دل کی حفاظت کسی نے نہیں کی،دل کی شریانیں بند ہوتی گئیں جس پر وزیراعظم نے توجہ دی اور وزیراعظم نواز شریف نے سندھ اور پنجاب کے درمیان غلط فہمی کو ختم کردیا ہے۔ ماس ٹرانزٹ کراچی کے عوام کی ضرورت اور خواہش تھی، گزارش ہے نیشنل ہائی وے منصوبے کو بھی مکمل کیا جائے اور آپ آج فیصلہ کردیں کہ سرکلر ریلوے بھی ہم نے بنانی ہے۔